محتشم احتشام
پونچھ// انڈین میٹروجیکل ڈیپارٹمنٹ (محکمہ موسمیات) کی پیشگوئی کے عین مطابق جمعرات کے روز سرحدی ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں موسم نے اچانک کروٹ لی۔ کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ بلند و بالا پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موسمی تبدیلی کے باعث خصوصاً سہ پہر کے وقت سردی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔اطلاعات کے مطابق تحصیل منڈی، سرنکوٹ، بالاکوٹ، مینڈھر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، جبکہ ساجیاں لورن کے پہاڑوں پر برف باری دیکھی گئی۔ پہاڑی سلسلوں پر سفید چادر بچھ جانے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اور درجہ حرارت میں واضح کمی محسوس کی گئی۔ میدانی علاقوں میں بارش کے باعث ہوا میں نمی بڑھی، جس سے سرد موسم کی تیزی مزید نمایاں ہو گئی۔طویل عرصے سے جاری خشک سالی کے بعد شروع ہونے والی بارشوں اور برف باری پر مقامی لوگوں نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ چِلّہ کلاں دوران برف باری اور بارشیں نہایت ضروری ہوتی ہیں، کیونکہ اس سے نہ صرف زیرِ زمین آبی ذخائر میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ماحولیات، زراعت اور مجموعی ماحولیاتی نظام پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کسانوں نے امید ظاہر کی کہ یہ بارشیں ربیع فصلوں کے لئے سودمند ثابت ہوں گی اور آئندہ موسمِ گرما میں پانی کی قلت میں بھی کمی آئے گی۔ماہرین کے مطابق حالیہ موسمی سرگرمی خطے کے قدرتی توازن کے لئے خوش آئند ہے۔ شہریوں نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہے گا، جس سے دریا، نالے اور چشمے دوبارہ رواں ہوں گے۔ تاہم انتظامیہ نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے وقت احتیاط برتی جائے، کیونکہ برف باری کے باعث پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔مجموعی طور پر، ضلع پونچھ میں موسم کی یہ تبدیلی ایک جانب سردی میں اضافے کا سبب بنی، تو دوسری جانب بارشوں نے برسوں سے خشک ماحول کو تازگی بخشی، جسے عوام نے قدرتی نعمت قرار دیا۔