پونچھ میں کچھ گھنٹے مطلع صاف رہنے کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارشیں شروع

حسین محتشم

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پرپیر کے روز کچھ گھنٹے تک مطلع صاف رہنے کے بعد سہ پہر ساڑھے چار بجے ایک بار پھر سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔پیر کے روز صبح سویرے مطلع صاف ہونے کے ساتھ ساتھ دھوپ کھلی رہی ۔اس دوران بازاروں میں چہل پہل دیکھنے کو ملی لیکن ساڑھے چار بجے کے قریب دوبارہ بجلیاں گرجنے کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس نے ایک بار عام معامولات زندگی کو متاثر کیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ موسم بہار کا ہے لیکن ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ خزاں کا موسم دوبارہ پلٹ رہا ہے۔اس دوران تحصیل منڈی کے لورن، ساوجیاں اور دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں اورکچھ مقامات پر اولے گرنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جبکہ سرنکوٹ اور مینڈ میں بھی بارشیں ہو رہی ہیں جس سے عام زندگی متاثر ہو رہی ہے۔