انسداد دہشت گردی کارروائیوں کی مضبوطی کا ارادہ ڈی آئی جی آر پی رینج کا راجوری میں انٹیلی جنس، سیکورٹی کا جائزہ لیا

 عظمیٰ نیوز سروس

راجوری//انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کو تقویت دینے اور راجوری میں انٹیلی جنس نیٹ ورک کی کارکردگی کی نگرانی کے لیے ایک جامع انٹیلی جنس اور سیکورٹی جائزہ کانفرنس کی صدارت ڈی آئی جی آر پی رینج تاجندر سنگھ نے کی۔یہ کانفرنس راجوری کے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔قابل ذکر حاضرین میں امرت پال سنگھ ایس ایس پی راجوری،تمام گزیٹیڈ افسران اور ضلع راجوری کے تھانوں کے علاقائی ایس ایچ اوزتھے۔کانفرنس کے دوران داخلی سلامتی، دہشت گردی، GELS-2024اور نیشنل ہائی وے کی تعیناتیوں سمیت مختلف اہم سیکورٹی معاملات پر گہرائی سے بات چیت کی گئی۔حاضر ہونے والے افسران نے اپنے متعلقہ فیلڈ انٹیلی جنس نیٹ ورکس، موجودہ سیکورٹی تعیناتیوں اور اپنی ذمہ داری کے علاقوں میں کام کرنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی۔دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، ڈی آئی جی آر پی رینج نے افسران پر زور دیا کہ وہ انسانی رابطوں کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس جمع کرنے اور تجزیہ کرنے کے لیے جدید طریقہ کار اختیار کریں۔انہوں نے کسی بھی ممکنہ چیلنج یا ناخوشگوار واقعات سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی چوکسی اور آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔