محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں ہفتہ کے روز ایک زنگ آلود مارٹر شیل برآمد ہونے سے علاقے میں کچھ دیر کے لیے تشویش کی لہر دوڑ گئی، تاہم فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اسے محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق مارٹر شیل پونچھ شہر کے مضافاتی علاقے میں واقع جوگرز پارک کے نزدیک دریائے پْلستیہ کے کنارے، شیرِ کشمیر پل کے قریب پایا گیا۔ ایک نوجوان، جو صبح کی سیر کے لیے پارک آیا تھا، نے مشتبہ دھماکہ خیز شے کو دیکھا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور فوجی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو حفاظتی حصار میں لے لیا گیا۔
فوج کے بم ناکارہ بنانے والے ماہرین نے شیل کا معائنہ کیا اور تمام ضروری حفاظتی اقدامات کے بعد اسے محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا، جس سے کسی بھی ممکنہ حادثے کو ٹال دیا گیا۔حکام نے بتایا کہ ابتدائی جانچ کے مطابق برآمد ہونے والا مارٹر شیل کافی پرانا اور زنگ آلود تھا، جو غالباً ماضی میں سرحدی کشیدگی یا گولہ باری کے دوران اس علاقے میں آ گرا تھا۔ تاہم اس کی نوعیت اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کی مزید جانچ کی جا رہی ہے۔مقامی لوگوں نے فوج اور پولیس کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت مداخلت کی بدولت ایک ممکنہ خطرہ ٹل گیا۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو کسی بھی مقام پر مشتبہ یا دھماکہ خیز شے نظر آئے تو اسے ہاتھ لگانے کے بجائے فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔واضح رہے کہ پونچھ اور دیگر سرحدی علاقوں میں ماضی کی گولہ باری کے باعث بعض اوقات غیر پھٹے ہوئے گولے اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوتے رہتے ہیں، جنہیں بعد ازاں ماہر ٹیموں کی مدد سے محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا جاتا ہے۔