محتشم احتشام
پونچھ//ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے جاری 100 روزہ انسدادِ منشیات مہم کے تحت ایک عظیم الشان ’نشہ مْکت‘ بیداری ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے کے عزم کا اظہار کیا۔یہ ریلی اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ سے شروع ہوئی اور ڈنگس چوک، لیبر چوک، پریڈ چوک اور ناخواں والی چوک سے ہوتی ہوئی دوبارہ اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس دوران شہر کی فضا حب الوطنی اور شعور کی روشن کرنوں سے معمور نظر آئی، جہاں طلبہ، سرکاری افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں قومی ترنگا تھام رکھا تھا اور ‘‘زندگی کو ہاں، منشیات کو نہ’’ جیسے بامعنی نعروں کے ذریعے عوام میں بیداری پیدا کی۔
نوجوانوں کا جوش و خروش اس بات کا غماز تھا کہ نئی نسل نشے کے خلاف ایک مضبوط دیوار بننے کے لیے تیار ہے۔ریلی کو ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جبکہ اس موقع پر ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین بٹ بھی موجود تھے۔ دیگر معزز شخصیات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک ، پرنسپل جی ڈی سی پونچھ ڈاکٹر جسپیر سنگھ اور مختلف محکموں کے افسران شامل تھے۔تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر خلیل احمد بانڈے نے شرکاء سے عہد لیا کہ وہ منشیات کے خلاف جدوجہد میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے اور معاشرے کو اس ناسور سے پاک بنانے کے لیے متحد رہیں گے۔یہ ریلی حکومتی مہم کا ایک اہم جزو ہے، جس کا مقصد بالخصوص نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور سماجی سطح پر اجتماعی ذمہ داری کو فروغ دینا ہے۔ قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ ضلع پونچھ میں اس مہم کے تحت اب تک 1800 سے زائد بیداری پروگرام منعقد ہو چکے ہیں، جن میں تین لاکھ سے زیادہ افراد کی شرکت ریکارڈ کی گئی ہے۔ضلع انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے ایسی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی تاکہ پونچھ کو ایک صحت مند، محفوظ اور منشیات سے پاک معاشرہ بنایا جا سکے۔