محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ شہر کے مرکزی علاقے میں واقع سڑک کی خراب حالت شہریوں کے لیے شدید پریشانی اور خطرے کا باعث بن گئی ہے۔ سڑک کے عین درمیان میں بننے والا بڑا اور گہرا گڑھا نہ صرف ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہا ہے بلکہ روزانہ سفر کرنے والے شہریوں، خصوصاً دو پہیہ گاڑی سواروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق حالیہ دنوں میں ہونے والی مسلسل بارشوں نے سڑک کی حالت کو مزید ابتر کر دیا ہے، جس سے محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) کی ناقص دیکھ بھال اور عدم توجہی واضح طور پر سامنے آئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد گڑھا مزید گہرا ہو گیا ہے اور پانی بھر جانے کی وجہ سے یہ نظر بھی نہیں آتا، جس کے باعث حادثات کا خدشہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق اس خطرناک صورتحال کے نتیجے میں متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں، جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہے اور شہریوں کی شکایات کے باوجود مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔شہریوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پونچھ شہر کے مرکز میں تاریخی قلعہ کے قریب واقع اہم سڑک کی یہ حالت ہے تو دیگر علاقوں کی سڑکوں کا حال اس سے بھی زیادہ خراب ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو انتظامی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا ہے۔علاقہ مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کریں تاکہ کِلا روڈ کی فوری مرمت کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی ممکنہ بڑے حادثے سے پہلے اس خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔شہری حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ کسی بھی وقت بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔