محتشم احتشام
پونچھ //شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک بھیڑ اور عوام کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظرایس ایچ او پونچھ شیو دیو سنگھ نے ڈی ٹی آئی ٹریفک منظور کوہلی کے ہمراہ قلعہ مارکیٹ اور آٹو اسٹینڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آٹو ڈرائیوروں، دکانداروں اور عام شہریوں سے ملاقات کی اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے تبادلہ خیال کیا۔دورے کے دوران ایس ایچ او شیو دیو سنگھ نے آٹو ڈرائیوروں کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف مقررہ مقامات پر ہی گاڑیاں کھڑی کریں تاکہ سڑکوں پر بلا ضرورت رکاوٹ پیدا نہ ہو اور عوام کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ قلعہ مارکیٹ چونکہ شہر کا مصروف ترین تجارتی مرکز ہے، اس لیے یہاں نظم و ضبط کی زیادہ ضرورت ہے۔ بے ترتیب پارکنگ نہ صرف ٹریفک جام کا سبب بنتی ہے بلکہ ایمرجنسی سروسز کے لئے بھی رکاوٹ بن سکتی ہے۔ڈی ٹی آئی ٹریفک منظور کوہلی نے آٹو یونین کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس اور آٹو ڈرائیور ایک دوسرے کے معاون ہیں، اور شہر میں بہتر ٹریفک نظام اسی وقت ممکن ہے جب تمام فریق قانون کی پاسداری کریں۔ انہوں نے ڈرائیوروں کو لین ڈسپلن، مقررہ اسٹاپس کے استعمال اور غیر ضروری ہارن سے گریز کی تلقین کی۔اس موقع پر آٹو ڈرائیوروں نے بھی پولیس افسران کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد میں مکمل تعاون کریں گے۔ ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ اگر پارکنگ کے لئے مناسب جگہیں مختص کر دی جائیں تو ٹریفک نظم و ضبط مزید بہتر ہو سکتا ہے۔دورے کے اختتام پر ایس ایچ او شیو دیو سنگھ نے کہا کہ پولیس کا مقصد کسی کو ہراساں کرنا نہیں بلکہ عوامی سہولت اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ آئندہ اگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پائی گئی تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مقامی شہریوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے دوروں سے شہر میں ٹریفک کی صورتحال میں بہتری آئے گی اور روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا