پونچھ// قصبہ پونچھ میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور سیوریج کا نظام خراب ہونے کی بناء پر بارش کے دوران گلیاں بازار جوہڑ میں تبدیل ہو جاتے ہیں تو دوسری طرف اس سے موذی امراض پھیلنے کا بھی اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔پریڈ پارک کی جانب سے محلہ کماں خان کو جانے والے راستے پر ایک مقام پر کچرا پیٹی تو لگائی گئی ہے وہ نہایت خستہ حالی کا شکار ہے جس سے سارا کچرا نکل کر سڑک پر ڈھیر ہو جاتا ہے۔اس کے علاوہ محلہ سرائی میں ایک مقام پر لوگ گھروں کا کچرا پھینک جاتے ہیں وہاں سے بھی لوگوں کو گزرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محلہ شیش محل سمیت دیگر مختلف محلہ جات میں گندگی کے ڈھیر لگنے اور سیوریج کے نظام کے ناکارہ ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں اور تعفن نے ناک میں دم کر رکھا ہے اس صورتحال نے میونسپل کونسل پونچھ کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔انہوںنے کہا گٹروں کا بدبو دار پانی جمع ہونے سے لوگوں کے موذی امراض میں مبتلاء ہونے کا خطرہ ہے اور اہل علاقہ کا گلیوں سے گزرنا محال ہو جاتا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا تاکہ گندگی کے ڈھیر اٹھوائے جا ئیںجس سے شہری سکھ کا سانس لیں۔