محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے مرکزی بازار میں ناجائز تجاوزات اور بے ہنگم پارکنگ نے شہری زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ فٹ پاتھوں، سڑکوں کے کناروں اور بازار کے داخلی راستوں پر غیر قانونی قبضوں کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ تاجروں اور راہگیروں کو بھی شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صورتحال دن بہ دن بگڑتی جا رہی ہے، مگر متعلقہ حکام کی جانب سے مؤثر کارروائی نظر نہیں آ رہی۔معروف سماجی کارکن ڈاکٹر سکھوندر سنگھ نے اس سنگین مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز تجاوزات نے بازار کی اصل شناخت کو مسخ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں کے آگے غیر قانونی شیڈز، ریہڑی بانوں کی بے ترتیبی اور سڑکوں پر پارک کی گئی گاڑیوں نے پیدل چلنے والوں کے لئے جگہ تقریباً ختم کر دی ہے، جس کے نتیجے میں حادثات کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ڈاکٹر سکھویندر سنگھ نے نشاندہی کی کہ پارکنگ کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے بازار میں آنے والے خریدار گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں، جس سے کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کا بازار پہلے ہی تنگ ہے بے ہنگم پارکنگ اور تجاوزات سے بزرگ شہریوں، خواتین اور بچوں کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا ہے، جو ایک سنجیدہ انتظامی ناکامی کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی پونچھ سے مطالبہ کیا کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے اور بازار میں باقاعدہ پارکنگ زون قائم کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات ہٹانے کے ساتھ ساتھ ریہڑی بانوں کے لئے متبادل جگہ فراہم کرنا بھی ضروری ہے تاکہ نظم و ضبط برقرار رہے اور کسی کا روزگار متاثر نہ ہو۔آخر میں ڈاکٹر سکھویندر سنگھ نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اور ٹھوس اقدامات نہ کیے گئے تو عوامی بے چینی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ شہری سہولیات کی بحالی، ٹریفک نظام کی بہتری اور بازار کی خوبصورتی کے لئے فوری عملی اقدامات کئے جائیں۔