محتشم احتشام+عظمیٰ یاسمین
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ سمیت راجوری ضلع کے مختلف علاقوں میں عیدالاضحی مذہبی عقیدت، جوش و خروش، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول میں منائی گئی۔ ضلع پونچھ کے مینڈھر، سرنکوٹ، منڈی اور صدر مقام پونچھ جبکہ ضلع راجوری کے نوشہرہ، منجاکوٹ، تھنہ منڈی، کالاکوٹ اور کوٹرنکہ علاقوں میں عیدگاہوں اور مساجد میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے سنتِ ابراہیمی کی یاد تازہ کرتے ہوئے ملک و قوم، جموں و کشمیر میں پائیدار امن، سرحدی علاقوں کی سلامتی اور عوامی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔مرکزی عیدگاہ پونچھ میں منعقدہ سب سے بڑے اجتماع میں ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شفقت حسین بھٹ نے پولیس و سول انتظامیہ کے افسران، معزز شہریوں، مذہبی شخصیات اور عوام کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر افسران نے عوام کے ساتھ عید مبارک کا تبادلہ کیا اور امن، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنے پر زور دیا۔ عیدگاہ میں انتہائی خوشگوار اور پْرامن ماحول دیکھنے کو ملا جہاں لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد پیش کی جبکہ بچوں اور نوجوانوں میں بھی عید کی خوشیاں نمایاں طور پر دیکھی گئیں۔ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں مینڈھر، سرنکوٹ اور منڈی میں بھی نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ ان علاقوں کی مرکزی مساجد اور عیدگاہوں میں علماء کرام نے اپنے خطبات میں قربانی کی اہمیت، صبر، ایثار، انسانیت کی خدمت اور بھائی چارے کے فروغ پر روشنی ڈالی۔ عوام نے ملکی سلامتی، لائن آف کنٹرول پر امن و امان، سرحدی عوام کی حفاظت اور علاقے کی ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔اسی طرح ضلع راجوری کے نوشہرہ، منجاکوٹ، تھنہ منڈی، کالاکوٹ اور کوٹرنکہ علاقوں میں بھی عیدالاضحی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
مختلف عیدگاہوں میں نمازِ عید کے اجتماعات میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کے گھروں کا رخ کیا اور عید کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔ ان علاقوں میں نوجوانوں اور بچوں نے بھی روایتی جوش و خروش کے ساتھ عید منائی جبکہ بازاروں اور گلی کوچوں میں خوشی کا ماحول دیکھنے کو ملا۔پونچھ شہر میں مرکزی جامع مسجد بگیالاں، مرکزی جامع مسجد علی علیہ السلام پونچھ اور مرکزی جامع مسجد اہل حدیث پونچھ میں سب سے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں علمائے دین نے اپنے بیانات میں عیدالاضحیٰ کی روح، حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی اور اسلامی تعلیمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ عید کے موقع پر غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں تاکہ معاشرے میں اخوت اور مساوات کا پیغام عام ہو۔عید کے موقع پر پورے پونچھ اور راجوری اضلاع میں سیکورٹی اور انتظامی سطح پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ حساس مقامات پر پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار تعینات رہے جبکہ ٹریفک اور صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی بہتر بنائے گئے تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے جس کے باعث تمام مذہبی اجتماعات پْرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔عوامی حلقوں نے انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے کیے گئے بہتر انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ نے ایک مرتبہ پھر پونچھ اور راجوری کے عوام کے درمیان بھائی چارے، محبت، رواداری اور قومی یکجہتی کی مضبوط مثال قائم کی ہے۔ لوگوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تہوار امن، ترقی، خوشحالی اور باہمی احترام کے پیغام کو مزید فروغ دے گا اور سرحدی علاقوں میں بھائی چارے کی فضا کو مضبوط بنائے گا۔