پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں پولیس نے مختلف علاقوں سے گمشدہ یا چوری شدہ موبائل فون برآمد کئے ہیں، سائبر سیل ٹیم نے فون کے سِم اور ای ایم ای آئی نمبر کو ٹریک کر کے موبائل فونز کو ضبط کیا اوران کے اصل مالکان تک پہنچایا۔ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمارنے پولیس تھانہ پونچھ میں مختلف علاقوں سے گمشدہ یا چوری شدہ لاکھوں روپے کی مالیت کے30 موبائل فونان کے اصل مالکان کے حوالے کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس اور رواں برس کے دوران ان موبائل فونز کی گمشدگی اور چوری کی اطلاعات مختلف تھانوں میں درج کرائی گئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ اس دوران پولیس نے قابل تعریف خدمات انجام دیتے ہوئے چوری شدہ اور گم شدہ موبائل فونز کو برآمد کیا اور تمام موبائل کو اْن کے مالکان کے حوالے کر دیا۔انھوں نے بتایا کہ یہ تمام موبائل فون گزشتہ برس یا اس برس میں یا تو چوری ہو گئے تھے یا پھر کہیں گم ہو گئے تھے، مہینوں کی مشقت کے بعد ان تمام موبائل فونز کو برآمد کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ڈاکٹر ونود کمار نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں موصولہ شکایات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع کے مختلف علاقوں سے اور جموں کشمیر کے دوسرے اضلاع سے موبائل برآمد کئے ہیں۔