سری نگر//آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر آزادی کا امرت مہوتسو کے ایک حصے کے طور پر، جموں و کشمیر پولیس نے راشٹریہ ایکتا دیوس منانے کے لیے رن فار یونٹی’’کشمیر ہاف میراتھن‘‘کا انعقاد کیا۔ اس ڈوڈ میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں بالخصوص طلباء اور نوجوانوں نے جشن میں شرکت کی۔قبل ازیں صبح ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس جے ایم گیلانی کے ساتھ دیگر سینئر افسران نے مختلف زمروں کے لیے دوڑ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ طلباء، ، نوجوانوں اور بچوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں لوگ میراتھن میں حصہ لینے کے لیے جھیل ڈل کے کنارے پر واقع لیک ویو پولیس گالف کورس سے روانہ کیا۔ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جموں و کشمیر دلباغ سنگھ جو پولیس گالف کورس میں منعقدہ ایک شاندار تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی تھے نے مختلف مقابلوں کے فاتحین میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔آئی جی پی کشمیر وجے کمار، ڈی آئی جی وسطی کشمیر سوجیت کمار، ایس ایس پی سری نگرسندیپ چودھری، آرمڈوآئی آر پی بٹالینوں کے کمانڈنٹ اور اے پی ایچ کیو اور کشمیر زون کے دیگر گزیٹیڈ افسران نے فلیگ آف تقریب اور تقسیم انعامات کی تقریب میں شرکت کی۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس مختلف عمر گروپوں کے لوگوں خاص طور پر نوجوانوں کے لیے باقاعدگی سے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کر رہی ہے جس میں حال ہی میں منعقد ہونے والی جش نی دل اور سائیکل ریس اور دیگر تقریبات شامل ہیں جو مختلف اضلاع میں منعقد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے آج کے اس پروگرام کے انعقاد کے لیے جموں و کشمیر آرمڈ پولیس کی تعریف کی جس میں مختلف عمر کے 700 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے تمام جیتنے والوں، شرکاء کو پروگرام میں حصہ لینے اور اسے کامیاب بنانے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں قومی یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے جس میں تمام اہل وطن ملک کی خود مختاری اور سالمیت کو مضبوط کرنے کا عہد کریں۔مختلف مقابلوں کے فاتحین کو ڈی جی پی، جموں و کشمیر اور دیگر افسران نے نقد انعامات اور ٹرافیوں سے نوازا۔