سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے محکمہ پولیس میں سب انسپکٹر اسامیوں کیلئے بھرتی ہونے کے خواہش مند امیدواروں کو زیادہ سے زیادہ عمر میں( ایک بار) رعایت دینے کا اعلان کیا ہے ۔حکومت نے اس کے علاوہ سب انسپکٹر اسامیوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا ہے ۔یہ جانکاری لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ کے ذریعے دی گئی ۔ٹویٹ میں کہا گیا ’’مختلف وفود کی آرا سننے کے بعد حکومت نے محکمہ پولیس میں سب انسپکٹر اسامیوں کیلئے بھرتی ہونے کے خواہش مند امیدواروں کی زیادہ سے زیادہ عمر میں رعایت دینے کا فیصلہ لیا ہے اور اب زیادہ سے زیادہ کی حد بڑھا کر 28 سے بڑھا کر 30 برس کر دی گئی ہے ‘‘۔ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ اس کے علاوہ یونین ٹریٹری میں سب انسپکٹر اسامیوں کی تعداد8 سو بڑھا کر 12 سو کر دی گئی ہے ۔ جموں و کشمیر سلیکشن سروس بورڈ (جے کے ایس ایس آر بی) نے حال ہی میں محکمہ پولیس میں سب انسپکٹر اسامیوں کی 800 اسامیوں کو پر کرنے کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کرنے کے لئے ایک نوٹیفکیشن جاری کی تھی۔اس نوٹیفکیشن میں خواہش مند امیدواروں کی کم سے کم عمر 18 برس جبکہ زیادہ سے زیادہ عمر 28 برس مقرر تھی۔نوٹیفکیشن میں امیدوراں سے 10 نومبر سے 10 دسمبر تک فارم جمع کرنے کو کہا گیا تھا۔تاہم خواہشمند امیدواروں نے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں اضافے کی اپیل کی تھی۔