پنڈتوں کا ٹیٹوال میں لائن آف کنٹرول پر جشن شاردا مندر کیلئے مورتی روانہ ،امیت شاہ آج افتتاح کرینگے

اشرف چراغ+اشفاق سعید

کپوارہ//2سال سے ٹیٹوال میں لائن آف کنٹرل پر تعمیر کئے جارہے شاردا مندر کیلئے مورتی حاصل کی گئی جس کو ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے ٹکر کپواڑہ سے جھنڈی دکھا کر ٹیٹوال روانہ کیا ۔ٹیٹوال میں پیر کو مورتی کے پہنچنے کے بعد پنڈت طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے جشن منایا اور یہ مطالبہ پھر دہرایا کہ ٹیٹوال کراسنگ پوائنٹ کو مذبہی بنیادوں پر پنڈت طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کیلئے کھول دیا جائے ،تاکہ یہ لوگ اپنے مذہبی فرائض انجام دے سکیں ۔

 

وزیر داخلہ امیت شاہ آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اس مندر کا افتتاح کریں گے۔معلوم رہے کہ سال2021میں سیوا شاردا سمیتی کشمیر نے اپنی وہ زمین لوگوں کی مدد سے حاصل کی جہاں 1947سے پہلے ایک مندر ہوا کرتا تھا۔تقسیم کے بعد مندر کو جلا دیا گیا تھا جس کے بعد ٹیٹوال میں سال 2021میں زمین حاصل کر کے ایک مندر اور ایک گردوارہ کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لیا گیا ،جو گذشتہ برس مکمل کیا گیا ۔ پنڈت برادی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مطابق 1948تک ٹیٹوال کے راستے چھڑی مبارک سرحد پار نیلم علاقے میں جاتی تھی اور اُس وقت ٹیٹوال میں موجود مندر میں لوگ قیام پذیر ہوتے تھے ۔ سیوا شاردا سمیتی کشمیرکے سربراہ رویندر پنڈتا نے میڈیا کو بتایا کہ ہم برسوں سے یہ مطالبہ دونوں حکومتوں سے کرتے آئے ہیں کہ ٹیٹوال سے راہداری پوائنٹ کو پھر سے کھول دیا جائے ،تاکہ لوگ ماں شاردا کے درشن کیلئے سرحد پار جا سکیں ۔انہوں نے کہاکہ وہاں مندر کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سرحد پار جانے کی اجازت دی جائے ہم چاہتے ہیں کہ ہم دوبارہ اس مندر کو کھول دیں ۔معلوم رہے کہ سوموار کو ٹیٹوال میں تعمیر مندر کیلئے ایک مورتی جو کہ کر ناٹک سے لائی گئی ہے، کو ٹکر کپواڑہ سے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈی ساگر نے روانہ کیا اُن کے ہمراہ ایس ایس پی کپواڑہ بھی موجود تھے۔ڈی سی کپواڑہ نے اس موقعہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اس یاترامیں آنے والے تمام لوگوں کو استقبال کرتے ہیں اور ضلع انتظامیہ سیاح یاتریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔