یو این آئی
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے سے اتوار کے روز کشمیری پنڈتوں کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس دوران انہوں نے کشمیری پنڈتوں کو فی الحال جموں میں اٹیچ رکھنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ملی ٹینٹوں کو سخت جواب دے رہے ہیں۔ کشمیری پنڈتوں کے وفد نے ڈویژنل کمشنر کے ساتھ ملاقات کے دوران کشمیری پنڈت کی ہلاکت کا معاملہ اْٹھایا۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنر کو بتایا کہ چونکہ وادی کشمیر میں حالات ابھی پوری طرح سے معمول پر نہیں آئے ہیں لہٰذا کشمیری پنڈت ملازمین کو جموں میں ہی اٹیچ کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ کشمیری پنڈت ملازمین کو موقع دیا جانا چاہئے کیونکہ موجودہ سرکار کو اس بات کی پوری علمیت ہے کہ کشمیر میں حالات کیسے ہیں۔اْن کے مطابق کشمیری پنڈت ملازمین کام کرنے سے منع نہیں کر رہے ہیں بلکہ معقول سیکورٹی چاہتے ہیں۔صوبائی کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ اْن کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پورن کرشن بٹ جموں میں رہائش پذیر تھا اور وہ کھیتی باڈی کی خاطر شوپیاں آیا ہوا تھا۔انہوں نے مزید کہاکہ سیول سوسائٹیز اور دوسرے مکتب ہائے فکر سے وابستہ نمائندوں کو اس طرح کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرنی چاہئے۔اْن کے مطابق سیکورٹی ایجنسیاں ملی ٹینٹوں کو سخت جواب دے رہی ہیں اور ملوثین کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
پنڈتوں ملازمین صوبائی کمشنر سے ملاقی | جموں میں اٹیچ رکھنے کا مطالبہ