عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے ریاستی الیکشن کمیشن (ایس ای سی) نے پنچایت انتخابی فہرست 2026 کی نظرثانی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے 4 مئی کو ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ یہ اجلاس دوپہر 3 بجے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوگا، جس میں تمام اضلاع کے متعلقہ افسران شرکت کریں گے۔کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق اجلاس سری نگر کے ایم اے روڈ پر واقع دارالانتخاب کے میٹنگ ہال سے منعقد کیا جائے گا، جہاں سے ویڈیو لنک کے ذریعے مختلف اضلاع کے الیکٹورل رجسٹریشن افسران (ای آر اوز) شامل ہوں گے۔
اجلاس کا مقصد انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے عمل، طریقہ کار اور اب تک کی پیش رفت کا جامع جائزہ لینا ہے تاکہ آئندہ مراحل کو مو ¿ثر اور شفاف بنایا جا سکے۔ڈپٹی سیکریٹری ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں تمام اضلاع کے ای آر اوز کو مقررہ وقت پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت یقینی بنانے کو کہا گیا ہے۔ اجلاس کا لنک متعلقہ افسران کو علیحدہ طور پر فراہم کیا جائے گا۔کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر کو ہدایت دی گئی ہے کہ اجلاس کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ نیشنل انفارمیٹکس سینٹر (این آئی سی) جموں و کشمیر کو ویڈیو کانفرنس کے لیے درکار تکنیکی سہولیات فراہم کرنے اور مقررہ وقت پر سلاٹ بک کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ریاستی الیکشن کمیشن کے آئی ٹی سیکشن کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ اجلاس کا لنک بروقت تمام متعلقہ افسران اور شرکاء تک پہنچایا جائے تاکہ اجلاس کی کارروائی بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دی جا سکے۔