پونچھ//ضلع پونچھ کی مختلف پنچایتوں کے سرپنچ اور پنچوں نے بار ایسوسی ایش پونچھ کے سابق صدر ایڈوکیٹ محمد زمان کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد کیا ۔اجلاس کے دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پنچایتوں میں جو کام ہورہے ہیںوہ سرپنچوں اورپنچوں کو اعتمادمیں لئے بغیر کروائے جا رہے ہیں۔ مقررین نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ پنچایت میں تعمیراتی کاموں کے لئے اب ٹینڈرنگ کی ہدایت دی گئی ہے جس کی وجہ سے کام سست روی کا شکار ہورہے ہیں۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ ایک لاکھ روپے سے اوپر کے کاموں کی بلاشک ٹینڈرنگ کی جائے لیکن ایک لاکھ اور اس سے کم رقومات میں ہونے والے تعمیراتی کاموں کو بغیر ٹینڈرنگ کے کروانے کی متعلقہ افسران کو ہدایت کی جائے۔پنچوں اور سرپنچوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کی جانب سے انتخابات سے پہلے ان لوگوں کو بتایا گیا تھا کہ پنچایتوں کو بڑے اختیار دیئے جائیں گے لیکن ہو اسکے برعکس کام کیا جارہا ہے کیونکہ جو اختیار ان کے پاس پہلے تھے وہ بھی ان سے چھینے جا رہے ہیں۔اس موقعہ پر موجود سرپنچ تاج میر اور ایڈوکیٹ محمد زمان نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کر کے پنچایتوں کے کاموں میں پنچایت ممبران، سرپنچ صاحبان، بی ڈی سی چئیرمین، اور ڈی ڈی سی چیئر مین سبھی کو مل جھل کر کام کرنے کی ہدایت کریں ۔انھوں نے پنچایتوں میں تعمیراتی کاموں کے لئے مزید رقومات واگزار کرنے کی لفٹینٹ گورنر سے اپیل کی۔