عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا کہ مہنگائی کی تلافی کے لیے فراہم کیے گئے الاونسز میں اضافہ کرتے ہوئے، حکومت آن ڈیوٹی ملازمین (جو اس وقت ملازم ہیں) اور پنشنرز (ریٹائرڈ ملازم) کے درمیان امتیاز نہیں کر سکتی۔ عدالت نے کہا کہ مہنگائی کا دباو ملازم اور پنشنر میں فرق نہیں کرتا۔ایک اہم فیصلے میں جسٹس منوج مشرا اور جسٹس پرسنا بی ورلے پر مشتمل بنچ نے ریٹائرڈ ملازمین کے برابری کے حق کو برقرار رکھا۔ بنچ نے مشاہدہ کیا، “ہماری رائے میں، جب یہ فوائد ایک مشترکہ مقصد یعنی مہنگائی سے نمٹنے کے لیے دیے جاتے ہیں اور یہ دیکھتے ہوئے کہ مہنگائی کا دباو ایک خدمت کرنے والے ملازم اور پنشنر کے درمیان امتیاز نہیں کرتا، تو مہنگائی الاونس (DA) اور مہنگائی ریلیف (DR) کو بڑھانے میں تفریق کی کوئی منطقی بنیاد موجود نہیں ہے۔”سپریم کورٹ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ مالی رکاوٹیں بعض فوائد کی تقسیم کو موخر کرنے یا فلاحی اسکیموں کے نفاذ کے لیے مختلف تاریخیں طے کرنے کے لیے ایک درست بنیاد کے طور پر کام کر سکتی ہیں۔بنچ نے کہا، “تاہم، ایک بار مہنگائی کی بنیاد پر کچھ الاونس دینے اور بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا، ریٹائرڈ ملازمین کے مقابلے میں خدمت کرنے والے ملازمین کے لیے اضافے کی زیادہ شرح طے کرنا من مانی ہو گی۔ یہ آئین کے ا?رٹیکل 14 (مساوات کا حق) کی خلاف ورزی ہے۔”
عدالت نے مزید مشاہدہ کیا کہ ریاست اور کیرالہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کی نمائندگی کرنے والے وکیل کے ذریعہ پیش کردہ نظیریں موجودہ صورت حال پر لاگو نہیں ہیں، جہاں زیر بحث فوائد کے حقدار سے متعلق کوئی تنازعہ نہیں تھا۔ بنچ نے تبصرہ کیا کہ، “یہاں، ریٹائرڈ ملازمین نہ صرف پنشن بلکہ مہنگائی ریلیف کے بھی حقدار ہیں، جس میں مہنگائی کی بنیاد پر وقتاً فوقتاً نظرثانی کی جاتی ہے۔ اس لیے مسئلہ یہ نہیں ہے کہ انہیں یہ فوائد ملنا چاہیے یا نہیں، بلکہ یہ ان امتیازی شرحوں سے متعلق ہے جن پر یہ فوائد حاصل کیے جا رہے ہیں- صرف اس بنیاد پر کہ وصول کنندہ اس وقت سروس میں ہے یا نہیں۔”سپریم کورٹ نے ریاست کیرالہ اور کیرالہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (KSRTC) کی طرف سے دائر اپیلوں کو خارج کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔بنچ نے کہا، “اس میں کوئی تنازعہ نہیں ہے کہ مہنگائی موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین دونوں کو یکساں طور پر متاثر کرتی ہے۔ لہذا، ہمارے خیال میں، ڈی اے (مہنگائی الائونس) اور ڈی آر (مہنگائی ریلیف) میں اضافے کی شرح میں فرق کا کوئی جواز نہیں ہے۔”بنچ نے نوٹ کیا کہ مساوات متعدد پہلوو?ں اور جہتوں کے ساتھ ایک متحرک تصور ہے، اور اسے روایتی یا اصولی حدود میں قید نہیں کیا جا سکتا۔ بنچ نے مزید کہا، “ایک خاص نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو، مساوات اور من مانی ایک دوسرے کے مخالف ہیں۔بنچ نے کہا کہ مہنگائی الائونس (DA) یا مہنگائی ریلیف (DR) کا بنیادی مقصد مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار ملازمین اور پنشنرز کو درپیش مشکلات کو کم کرنا ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ حکومت نے نے ڈی اے کی شرح میں 14 فیصد اور ڈی آر میں 11 فیصد اضافہ کیا ہے، اس حقیقت کے باوجود کہ دونوں ایک ہی مقصد کی تکمیل کرتے ہیں- خدمت کرنے والے ملازمین اور پنشنرز کو مہنگائی کی وجہ سے ہونے والی پریشانی سے ریلیف فراہم کرنا۔