پلوامہ میں منشیات سے متعلق آگاہی پروگرام چیف جسٹس کا سبھی متعلقین کو اجتماعی طور پر کام کرنیکی تلقین

نیوز ڈیسک

پلوامہ//چیف جسٹس جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس این کوٹیشور سنگھ نے ایگزیکٹیو چیئرمین جے اینڈ کے لیگل سروسز اَتھارٹی جسٹس تاشی ربستن کی موجودگی میں ڈگری کالج ( بوائز) پلوامہ میں’ ’منشیات کی بدعت اور منشیات کے استعمال ۔روکتھام اور چیلنجز‘‘ سے متعلق ایک بیداری پروگرام کی صدارت کی ۔اِس بیداری پروگرام کا اِنعقاد ضلع لیگل سروس اَتھارٹی پلوامہ نے جے اینڈ کے لیگل سروسز اَتھارٹی کے زیر اہتمام سماجی بہبود اور صحت محکموں کے اشتراک سے کیا تھا۔ چیف جسٹس کی آمد پر اُنہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔

 

چیف جسٹس نے گورنمنٹ ڈگری کالج (بوائز ) پلوامہ کے احاطے میں ایک چنار کا درخت لگایا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے چیف جسٹس کو جانکاری دی کہ گزشتہ ایک برس میںاِسی طرح خصوصی شجرکاری مہم کے تحت تقریباً1.5 لاکھ درخت لگائے گئے ہیںاور شجر کاری مہم کے دوران مقامی طور پر تیار کردہ ورمی کمپوسٹ کا اِستعمال کیا گیا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ منشیات کی بدعت کا شکار ہونے والے نوجوانوں کو تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اُنہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ احتیاط علاج سے بہتر کے سنہری اصول پر عمل کریں۔ایگزیکٹیو چیئرمین جسٹس تاشی ربستن نے اَپنے خطاب میں اِس بیداری پروگرام کے اِنعقاد کا بنیادی مقصد روشناس کیا جس کا مقصد منشیات کے اِستعمال فائدے اور نقصانات کے بارے میں معلومات پھیلانا ہے جو کہ ہمارے معاشرے کے لئے ایک بہت بڑا خطرہ بن چکی ہے ۔جسٹس تاشی ربستن نے پارلیمنٹ میں اُٹھائے گئے ایک سوال کا حوالہ دیتے ہوئے مجمع کو بتایا کہ جموںوکشمیر یوٹی میں منشیات کے اِستعمال کے تقریباً 10 لاکھ معاملات کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں خواتین کی کافی تعداد ہے۔ اُنہوں نے اِس مسئلے کی سنگینی کو اُجاگر کیا اور تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ معاشرے سے اِس بدعت کو ختم کرنے کے لئے اِجتماعی طور پر کام کریں۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصیر احمد ڈاراور چیئرمین ڈی ایل ایس اے پلوامہ نے معززین اور چیف جسٹس کا اس طرح کی ایک اہم سماجی برائی جس کا اثر اس ملک کے نوجوانوں پر پڑ رہا ہے ، پر ایک پروگرام کے اِنعقاد پر خوش آمدید کہا۔اِس سلسلے میں یوٹی اِنتظامیہ اور مرکزی حکومت کی طرف سے اُٹھائے گئے اقدامات پربھی روشنی ڈالی ۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے تمام ہسپتالوں میں ڈی ایڈکشن سینٹر اور اور حکومت ضرورت مند اور متاثرہ اَفراد کے لئے اِس طرح کی سہولیات تک آسان رَسائی کے لئے پہلے ہی ہیلپ لائن نمبروں کو مطلع کیا ہے ۔