عظمیٰ نیوزسروس
پلوامہ// پلوامہ پولیس نے گزشتہ روز کاکاپورہ کے ایک شخص کی 2 منزلہ رہائشی عمارت ضبط کر لی، جس کی مالیت تقریباً 50لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ادھر پولیس نے بارہمولہ اور شوپیان میں 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ اشیا برآمد کی ہیں۔ پلوامہ پولیس نے ایک بیان میں بتایاکہ قرق شدہ یہ جائیداد عنایت طارق ولد طارق احمد لون ساکن کاکاپورہ پلوامہ کی ملکیت ہے۔ مذکورہ مکان زمین کا خسرہ نمبر 1363 من (آبادیِ دیہہ)، کھیوٹ نمبر 214 اور کھاتہ نمبر 616 ہے۔ پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ جائیداد منشیات کی غیر قانونی فروخت سے حاصل شدہ آمدنی سے تعمیر کی گئی تھی۔اس سلسلے میں پولیس سٹیشن پلوامہ میں درج ایف آئی آر نمبر269/2025 کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/21,29 اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات207 اور 3/181 کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
بیان کے مطابق پولیس ٹیم نے قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اس جائیداد کو ایک باضابطہ کارروائی کے دوران ضبط کیا۔ اس موقعے پر پولیس اہلکاروں کے علاوہ ایگزیکٹو مجسٹریٹ، لمبردار اور چوکیدار بھی موجود تھے تاکہ تمام قانونی طریقہ کار کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔پلوامہ پولیس نے منشیات کے ناسور کے خلاف اپنی سخت کارروائیوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کو منشیات کی خرید و فروخت یا اسمگلنگ کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو وہ فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں تاکہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔اس دوران بارہمولہ میں پولیس سٹیشن ٹنگمرگ کی ایک ٹیم نے ٹنگمرگ کے چھانہ پورہ کراسنگ کے قریب فارسٹ رینج آفس کے پاس ناکہ چیکنگ کے دوران ٹاٹا سومو (رجسٹریشن نمبر JK09-7104) کو روکا جس میں دو افراد سوار تھے۔تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 8 گرام براؤن شوگر نما مادہ برآمد کیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت زاہد احمد میر ولد غلام حسن میر ساکن چیک تھن چھانہ پورہ ٹنگمرگ اورمحمد یاسین ماگرے ولد محمد رمضان ساکن سونلی پورہ ٹنگمرگ کے طور پر ہوئی ہے۔دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے پولیس سٹیشن ٹنگمرگ میںایف آئی آر نمبر 07/2026 درج کر لی گئی ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ادھرشوپیان میں پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ عبدالحمید ٹھوکر ساکن نوسی پورہ کیگام نے اپنے مویشی خانے میں بڑی مقدار میں ممنوعہ منشیات چھپا رکھی ہے۔اطلاع ملنے پر پولیس اسٹیشن شوپیان میںاین ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر نمبر 31/2026 درج کی گئی۔ بعد ازاں پولیس پوسٹ کیگام کی ٹیم نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے ہمراہ عبدالحمید ٹھوکر کے مویشی خانے پر چھاپہ مارا۔تلاشی کے دوران وہاں سے 1 کلوگرام اور 10 گرام بھنگ (کینابس) اور 470 گرام چرس نما مادہ برآمد کیا گیا جبکہ ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشی سے متعلق معلومات فراہم کر کے پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکے۔