عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر نے پشمینہ کی جانچ اور تصدیق کے نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کیلئے جدید اسکیننگ الیکٹران مائیکروسکوپ (SEM)نصب کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ تین ہائی ریزولوشن ڈیجیٹل مائیکروسکوپس بھی مختلف لیبارٹریز میں فراہم کیے گئے ہیں تاکہ جانچ کے عمل کو مزید تیز اور موثر بنایا جا سکے۔سرکاری ذرائع کے مطابق SEMٹیکنالوجی کے ذریعے اصلی پشمینہ اور نقلی ریشوں کے درمیان نہایت باریک فرق کو بھی بآسانی شناخت کیا جا سکے گا، جس سے نہ صرف صارفین کا اعتماد بڑھے گا بلکہ کشمیری کاریگروں کو بھی جعلی مصنوعات کے باعث ہونے والے نقصان سے تحفظ ملے گا۔یہ اقدام جغرافیائی شناخت (GI)کے حامل کشمیری دستکاری مصنوعات کی عالمی مارکیٹ میں ساکھ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ کشمیر میں اس وقت 15 مختلف دستکاریاں GIرجسٹرڈ ہیں، جبکہ مزید چھ کو رجسٹریشن کیلئے تیار کیا جا رہا ہے۔