یواین آئی
لندن/ انگلش پریمیئر لیگ میں خطاب کے حصول کی جنگ مزید شدت اختیار کر گئی ہے ۔ گزشتہ شب کھیلے گئے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کو چیلسی نے 1-1 سے ڈرا پر روک دیا، جس کے بعد سٹی اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود آرسنل کے درمیان اب 6 پوائنٹس کا فرق ہو گیا ہے۔ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے مانچسٹر سٹی نے میچ کے 42ویں منٹ میں تجانی رینڈرز کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں سٹی نے برتری بڑھانے کی کوشش کی لیکن چیلسی کے دفاع نے انہیں ناکام رکھا۔ کھیل کے آخری لمحات (94ویں منٹ) میں اینزو فرنانڈیز نے شاندار گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا اور سٹی کی فتح کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔لیورپول کا فلہم کے خلاف میچ سنسنی خیز رہا۔ کوڈی گاکپو نے 94ویں منٹ میں گول کر کے لیورپول کو جیت کے قریب کر دیا تھا، لیکن محض تین منٹ بعد فلہم کے ہیریسن ریڈ نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔