جے کے این ایس
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی نے شعبہ کمپیوٹر سائنسز کے ایک اسسٹنٹ پروفیسر کو عصمت دری کیس میں گرفتاری کے بعد معطل کر دیا ہے۔ یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریشن ٹیچنگ سیکشن کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پروفیسر سجاد محمد خان کو حراست میںلئے جانے کے بعد فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سرینگر کے صورہ کے رہنے والے سجاد محمد خان کیخلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ64 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایک28 سالہ خاتون کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق، ملزم استاد نے سال 2018 میں اس سے رابطہ کیا اور تعلقات استوار کیے۔ شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ ملزم نے اس پر طبی ضروریات سمیت مختلف بہانوں سے رقم کا بندوبست کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔ پولیس نے 20 اپریل2026 کو خواتین پولیس اسٹیشن رام باغ میں ایف آئی آر نمبر 11/2026 درج کی ہے۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ملزم زیر حراست ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔