یو این آئی
نئی دہلی//انڈیگو اور دیگر فضائی کمپنیوں کی جانب سے پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث دسمبر میں 18.81لاکھ مسافر متاثر ہوئے، جنہیں معاوضہ دینے اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر ایئرلائنز نے مجموعی طور پر 28.78 کروڑ روپے خرچ کیے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے)کی جانب سے منگل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں منسوخ پروازوں سے 10,46,552مسافر جبکہ دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار پروازوں سے 8,34,453مسافر متاثر ہوئے۔ ان مسافروں کے معاوضے، خوراک، قیام، ریفنڈ اور متبادل پروازوں کے انتظامات پر بالترتیب 24.28کروڑ اور 4.50کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ اس کے علاوہ ٹکٹ ہونے کے باوجود 2,050 مسافروں کو بورڈنگ سے روک دیا گیا، جن کے معاوضے اور دیگر سہولیات پر 2.09 کروڑ روپے صرف ہوئے۔روزانہ تقریباً 2,300پروازیں چلانے والی انڈیگو کی دسمبر میں 9.65فیصد پروازیں منسوخ رہیں، جس سے 9,82,072 مسافر متاثر ہوئے۔ ان مسافروں کو متبادل پروازوں میں جگہ دی گئی یا رقم واپس کی گئی، جس پر کمپنی نے 22.75 کروڑ روپے خرچ کیے۔ اسی طرح انڈیگو کی دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار پروازوں سے 6,39,714مسافر متاثر ہوئے، جنہیں کھانے پینے کی سہولت فراہم کی گئی۔قابلِ ذکر ہے کہ دسمبر 2025 کے پہلے ہفتے میں انڈیگو نے ہزاروں پروازیں منسوخ کی تھیں اور بڑی تعداد میں پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔