سرینگر//جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میر کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔وفد نے ریاست کا گورنر مقرر کئے جانے پر ستیہ پال کو مبارک باد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اُن کے دور میں ریاست میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔وفد نے بلدیاتی اداروں اور پنچائتی انتخابات کے تعلق سے گورنر انتظامیہ کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے پارٹی کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔کانگریس وفد نے دفعہ35 اے کے تعلق سے اپنے خدشات ظاہر کئے۔ وفد میں شامل پارٹی لیڈران نے سرکاری محکموں میں کیجول بنیادوں پر کام کر رہے افراد کی مستقلی کی بھی مانگ کی۔وفد نے عوام اور ملازمین کو درپیش کئی مسائل گورنر کی نوٹس میں لائے۔گورنر نے وفد کی جانب سے اُن کی نوٹس میں لائے گئے معاملات پر مناسب غور کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پنچائتی اور بلدیاتی اداروں کے انتخاب منصفانہ طور کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کانگریس لیڈروں سے کہا کہ وہ ان انتخابات کی اہمیت کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں۔انہوں نے وفد سے کہا کہ وہ عنقریب ریاست کے مختلف اضلاع کا دورہ کر کے عوامی نمائندوں کے ساتھ ملاقات کے علاوہ ترقیاتی معاملات کا بھی جائیزہ لیں گے۔وفد نے پیرزادہ محمد سعید، غلام نبی مونگا، محمد انور بٹ، محمد امین بٹ، فاروق اندرابی، رمن مٹو اور سریندر سنگھ چنی بھی شامل تھے۔