جموں //پردیش کا نگریس کمیٹی کی جانب سے ستواری چوک میں احتجاج کے دوران ہندو مہا سبھا کی طرف سے مہاتما گاندھی کے مجسمے کیساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے عمل کی مذمت کرتے ہوئے ہندو مہا سبھا کارکنوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔مہاتما گاندھی کی برسی کے دوران پیش آئے اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس لیڈران نے کہاکہ مہاتما گاندھی نے ملکی آزادی کیلئے اہم رول ادا کیا ہے تاہم اب ان کے مجسموں کی توہین اور ان کے برعکس نظریہ رکھنے والوں کی چالوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کہاکہ ہندو مہا سبھا کارکنوں کی جانب سے اختیار کئے گئے رویہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہندو مہاسبھا اور اس سے منسلک دیگر تنظیموں کے رویہ سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ملکی آزادی کو پُر امن طریقہ سے حاصل کر نے کی کوشش کرنے والے مہاتما گاندھی کے خلاف نظریہ رکھنے والے ملک کے مفاد کیلئے کتنے سنجیدہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہندو مہا سبھا نے کبھی بھی ملکی تعمیر وترقی کیلئے اپنا رول ادا نہیں کیا جبکہ مذکورہ تنظیم صرف مذہب اور فرقوں کی بنیاد پر سماج کو آپس میں تقسیم کرنے کیلئے کام کر رہی ہے ۔انہوں نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی ہندو مہاسبھا اور اس کے نظریہ سے منسلک دیگر جماعتوں کی کھلے عام حمایت کر رہی ہے تاہم آئندہ انتخابات میں عوام پارٹی کے ان اقدامات کیخلاف ضرور ووٹ کا استعمال کرینگے ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ سماج دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام کرنے اور کانگریس کو زمینی سطح پر مزید مضبوط کر نے کیلئے کام کریں ۔اس موقعہ پر سابقہ ریاستی وزیر رمن بھلہ ،مولہ رام ،آر ایس چب ،ویندر شرما ،بلون سنگھ وکرم ملہوترہ ودیگران بھی موجود تھے ۔