سرینگر/یو این ایس/ اسمبلی میں نیشنل کانفرنس کی رکنِ اسمبلی شمیمہ فردوس نے جمعرات کو سرینگر کے قدیمی حبہ کدل پل کی خستہ حالی، عدم تحفظ اور وہاں منشیات کے بڑھتے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ سڑک و عمارات سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔بحث کے دوران شمیمہ فردوس نے کہا کہ تقریباً ڈیڑھ سو سال قدیم یہ پل، جو شہر خاص کے ایک اہم علاقے میں واقع ہے، مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پل کے اطراف منشیات کے عادی افراد نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، جس کے باعث عام شہری وہاں سے گزرنے میں خوف محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی احتجاج اور متعدد اپیلوں کے باوجود تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔انہوں نے لال چوک سے 90 فٹ تک رابطہ سڑکوں کی توسیع کے ان منصوبوں پر بھی سوال اٹھائے جو سابق نیشنل کانفرنس حکومت کے دور میں منظور اور منظور شدہ فنڈز کے ساتھ شروع کیے گئے تھے، مگر گزشتہ سات سے آٹھ برسوں سے تعطل کا شکار ہیں۔