یواین آئی
ڈھاکہ/بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف 11 مارچ سے شروع ہونے والی تین میچوں کی گھریلو ون ڈے سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔بنگلہ دیش کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین غازی اشرف نے بتایا کہ عفیف حسین کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ عفیف نے آخری مرتبہ دسمبر 2024 میں ون ڈے میچ کھیلا تھا، جبکہ معید الاسلام کو ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لٹن داس بھی حالیہ خراب فارم کے باوجود اسکواڈ میں شامل ہیں۔زخمی نورالحسن، ذاکر علی اور شمیم حسین ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق امید ہے کہ یہ کھلاڑی ماہ کے اختتام تک مکمل فٹ ہو جائیں گے۔
غازی اشرف نے کہا کہ لٹن داس کی حالیہ ون ڈے کارکردگی پر سوال اٹھائے جا سکتے ہیں، تاہم وہ کوچز کے ساتھ مل کر اپنے کھیل پر کام کر رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ جلد اس فارمیٹ میں اپنی بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں اور ہم مڈل آرڈر کو مضبوط بنانے کے لیے انہیں ایک اہم آپشن کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عفیف حسین تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور اس وقت اچھی فارم میں دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ معید الاسلام کو برقرار رکھا گیا ہے اور یہ ان کے لیے اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم : مہدی حسن میراز (کپتان)، سومیہ سرکار، سیف حسن، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، توحید ہردوئے، لٹن داس، عفیف حسین، معید الاسلام بھوئیاں، رشاد حسین، تنویر اسلام، مستفیض الرحمان، تسکین احمد، شوریٰ الاسلام اور ناہید رانا۔