عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بی جے پی کے جنرل سیکریٹری آرگنائزیشن اشوک کول نے اتوار کو جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، پاکستان میں ہوئے مسجد دھماکے اور مقامی حکومتی کارکردگی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کے خلاف جو پالیسیاں اپنائیں، آج وہی پالیسیاں اس کے اپنے زوال کا سبب بن رہی ہیں۔ ان کے مطابق، سرحد پار سے برسوں تک تشدد کو ہوا دینا پاکستان کے لئے گڑھا کھودنے کے مترادف تھا، جس میں اب وہ خود گرتا جا رہا ہے۔ پیر کو بارہمولہ میں پارٹی کے ایک پروگرا م کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئےاسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے حالیہ خودکش دھماکے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان انتہا پسندی کے شکنجے میں بْری طرح جکڑا ہوا ہے۔ ’یہ افسوسناک ہے کہ اب دھماکے مساجد تک پہنچ گئے ہیں۔ کشمیر کے لوگوں نے بھی اس پر احتجاج کیا، کیونکہ انہوں نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور ایسے واقعات پاکستان کی ناکام پالیسیوں کو بے نقاب کرتے ہیں۔اشوک کول نے ساتھ ہی موجودہ جموں و کشمیر انتظامیہ پر بھی سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے لوگوں سے جو وعدے کئے تھے—وہ پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا گیا مگر آج تک ایک یونٹ بھی مفت نہیں دیا گیا۔ مفت گیس سلنڈر کی بات کی گئی، یہ بھی کاغذی دعویٰ ثابت ہوا۔ بجٹ کے بارے میں بھی سرکار نے بڑے بڑے دعوے کئے مگر حقیقت یہ ہے کہ جموں و کشمیر کا موجودہ بجٹ انتہائی مایوس کن ہے اور عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے پایا۔انہوں نے نیشنل کانفرنس کی پالیسیوں اور فیصلہ سازی پر بھی سوال اٹھائے اور کہا کہ پارٹی وہ کام نہیں کر رہی جو عوام کی توقعات سے میل کھاتا ہو۔ ان کے مطابق حیرت کی بات ہے کہ ناصر اسلم وانی، جو ہارے ہوئے امیدوار ہیں، انہیں کابینہ وزیر کے برابر کا درجہ دیا گیا، اور ان کے بیٹے کو ریاستی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایسے فیصلے عوام کے لئے ناقابلِ فہم اور حیران کن ہیں۔مرکزی بجٹ سے متعلق سوال کے جواب میں اشوک کول نے کہا کہ مرکز نے جموں و کشمیر کے لئے کافی فنڈ مختص کیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو مزید رفتار ملے گی۔ تاہم انہوں نے زور دیا کہ فنڈز کے بہتر استعمال اور شفافیت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کول نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے شروع کی گئی جی رام جی سکیم ایک عوامی سکیم ہے نیز،انہوں نے پارٹی ورکروں پر پارٹی کے موقف کو گھر گھر پہنچانے پر زور دیا ۔کول نے وزیر اعظم مودی کی گرام جی اسکیم کی تعریف کی ، اور اسے ایک تبدیلی کے اقدام کے طور پر بیان کیا جس کا مقصد دیہی آبادی کو بااختیار بنانا اور جامع ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ سکیم کے فوائد اور پیغام کو ہر گھر ، خاص طور پر دور دراز علاقوں میں پہنچائیں۔ اس پروگرام میں بی جے پی یوٹی جنرل سکریٹری انور خان ، ریاستی سکریٹری مدثر وانی اور مقامی کارکنوں ، اور ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔