محمد تسکین
بانہال // مسلسل خراب موسمی حالات اور جموںسرینگر قومی شاہراہ کی بار بار کی بندش کے پیش نظر جموں ریلوے ڈویژن نے مسافروں کی سہولت کے لیے سرینگر اور کٹرہ کے درمیان خصوصی ٹرین سروس چلانے کا اعلان کیا ہے اور یہ ٹرین سروسز آج یعنی ہفتے سے پانچ روز تک چلائی جائینگی ۔شمالی ریلوے حکام کے مطابق یہ خصوصی ٹرین 11اپریل سے 15اپریل تک پانچ دنوں کے لیے چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین کٹرہ سے صبح 10:05بجے روانہ ہو کر دوپہر 12:05بجے بانہال پہنچے گی اور 1:35بجے سرینگر پہنچے گی جبکہ واپسی کے سفر میں ٹرین سرینگر سے دوپہر 3:10بجے روانہ ہو کر 4:10بجے بانہال پہنچے گی اور شام 7:00بجے کٹرہ پہنچے گی۔ اس دوران ٹرین سنگلدان اور ریاسی سٹیشنوں پر بھی رکے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ قومی شاہراہ پر بار بار لینڈ سلائیڈنگ اور خراب موسم کے باعث ٹریفک کی مسلسل بندش سے متاثرہ مسافروں کو راحت پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے۔