عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی / / وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ دفعہ 370 اب ماضی بن گیا ہے، یہ کبھی واپس نہیں آئے گااور کائنات کی کوئی طاقت دفعہ 370 کو واپس نہیں لا سکتی ہے۔ وزیراعظم مودی نے پارلیمنٹ کی سیکورٹی چوک کے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں حقائق جاننا ضروری ہے۔ہندی روزنامہ دینک جاگرن کو دئے گئے ایک انٹرویو میںوزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس معاملے میں بحث کی ضرورت نہیں ہے کہ پارلیمنٹ واقعہ کے پیچھے کون ہے؟ اس کے ارادوں کو جاننا بہت ضروری ہے۔پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں کوتاہی کے سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے، کیونکہ اس طرح کے واقعہ سے ہمارے ملک کی شبیہ متاثر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ واقعہ بھی تشویشناک ہے۔ واقعہ کی گہرائی میں جانا ضروری ہے۔ یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ اس واقعے کے پیچھے اصل وجہ کیا ہے؟ ملزمان کے عزائم کیا ہیں؟ اس کے بعد ہی صورتحال واضح ہوگی۔وزیراعظم مودی نے سپریم کورٹ نے بھی حال ہی میں دفعہ 370 کو ہٹانے کے اقدام کے بارے میں اپنا موقف واضح کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دفعہ 370 اب ماضی بن گیا ہے، یہ کبھی واپس نہیں آئے گا، کائنات کی کوئی طاقت دفعہ 370 کو واپس نہیں لا سکتی اور لوگوںکو اب اسے بھول کر اپنا معمول کا کام کرناچاہئے۔حال ہی میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو بھاری اکثریت سے کامیابی ملی ہے۔ بی جے پی نے ان انتخابات میں توقعات سے بڑھ کر کارکردگی دکھائی۔ اس جیت کی وجہ کے بارے میں پی ایم مودی نے کہا’’دیکھیں، میں سخت محنت کرتا ہوں اور عوام ووٹوں سے میرا جھولا بھرتے ہیں۔ میری ترجیح ہمیشہ عوام کیلئے کام کرنا اور ان کی زندگیوں کو بہتر بنانا رہی ہے۔ میں صرف یہی کرنا چاہتا ہوں۔ یقین کرو، باقی خود بخود ہو جائے گا‘‘۔