عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی //پارلیمنٹ کی سرمائی اجلاس کے دوران سیکورٹی میں ہوئی کوتاہی معاملے پر تحقیقات جاری ہے اور گرفتار ملزمین سے پوچھ تاچھ بھی لگاتار ہو رہی ہے۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ دہلی پولیس کو اب اس موچی کی تلاش ہے جس نے ملزمین کے جوتے میں دھواں چھوڑنے والا کنسٹر رکھنے کی جگہ بنائی تھی۔دہلی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس موچی کو اس معاملہ میں گواہ بنانا چاہتی ہے۔ اسی لیے دہلی پولیس کی ایک ٹیم اس ماہ کے شروع میں موچی کی تلاش کے لیے لکھنو گئی تھی۔ پوچھ تاچھ کے دوران پارلیمنٹ سیکورٹی کوتاہی معاملہ کے ایک ملزم ساگر نے انکشاف کیا کہ جب اسے پتہ چلا کہ پارلیمنٹ میں داخل ہونے کے دوران جوتوں کی جانچ نہیں کی جاتی تو اس نے کیویٹی والے جوتے ڈیزائن کرنے کے بارے میں سوچا۔ پہلے اس نے خود اس میں سوراخ کرنے کی کوشش کی، لیکن ناکام ہونے پر اس نے ایک موچی سے یہ کام کروایا۔ یہ موچی سائیکل پر اپنی دکان لگاتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جب ملزم اپنے مطابق جوتے میں جگہ بنانے میں ناکام ہوا تو وہ عالم باغ میں ایک موچی کے پاس گیا۔ اس نے بتایا کہ اس نے اپنے گھر کے پاس ایک دکان سے 595 روپے میں دو جوڑی جوتے خریدے اور موچی سے رابطہ کیا۔