یو این آئی
نئی دہلی/ٹی 20 ورلڈ کپ کے 34 ویں مقابلے میں جنوبی افریقہ نے اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کو باآسانی 6 وکٹوں سے پچھاڑ دیا ہے ۔ کوربن بوش کی عمدہ بولنگ اور ڈیوالڈ بریوس کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پروٹیز نے نہ صرف یہ میچ جیتا بلکہ ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہتے ہوئے “سپر ایٹ” مرحلے میں اپنی جگہ بھی پکی کر لی ہے ۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بارش سے متاثرہ اس میچ میں سودمند ثابت ہوا۔ بوش نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور یو اے ای کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
عالی شان شرفو (45 رنز) اور کپتان محمد وسیم (22 رنز) کی کوششوں کے باوجود یو اے ای مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر صرف 122 رنز ہی بنا سکی۔جنوبی افریقہ نے 123 رنز کا ہدف محض 13.2 اوورز میں حاصل کر کے رن ریٹ میں بھی اضافہ کر لیا۔ کپتان ایڈن مارکرم نے صرف 11 گیندوں پر 28 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ ڈیوالڈ بریوس (36 رنز) اور ریان ریکلٹن (30 رنز) نے تیسری وکٹ کے لیے 49 رنز جوڑ کر جیت کی راہ ہموار کر دی۔ جنوبی افریقہ نے 40 گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا۔ یو اے ای کی جانب سے حیدر علی اور جواد اللہ نے ایک ایک وکٹ لی۔جنوبی افریقی بولر کوربن بوش کو ان کی بہترین بولنگ اسپیل (3 وکٹیں) پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس فتح کے بعد جنوبی افریقہ کا مورال بلند ہے کیونکہ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہیں ہارے ۔