سرینگر//اپنی پارٹی صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے انتظامیہ پرزور دیا ہے کہ کشمیر صوبہ میں کووِڈ سے بچائوکی ٹیکہ کاری مہم تیز کی جائے خاص کر 45سال کی عمر سے زائد افراد کو دوسری خوراک دی جائے۔ ایک بیان میں میر نے کہاکہ مستفیدین جنہیں کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے، کواب ٹیکہ کی دوسری خوراک کے لئے در بدرٹھوکریں کھانی پڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ سینٹرز میں ویکسین کی قلت ہے، ڈیجیٹل پورٹل پر آن لائن کووِڈ ویکسین کے لئے جو بکنگ ہوتی تھی، وہ بھی بند کر دی گئی ہے، لوگوں میں بے چینی کا ماحول ہے۔ میر نے کہاکہ حکام کے دعوؤں کے مطابق یوٹی حکومت کے پاس مناسب تعداد میں ویکسین دستیاب ہیں ، لہٰذا انتظامیہ کو چاہئے کہ حالات کو معمول پر لانے اور لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لئے اِس وقت کا ان کامنصفانہ استعمال کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اِس صورتحال سے باہر نکلنے کے لئے جموں وکشمیر میں ویکسین مہم کی فوری بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے، بصورت دیگر دوبارہ سے لاک ڈاؤن معیشت کو مزید تباہ وبرباد کر دے گا۔ انہوں نے کہاکہ تازہ ویکسی نیشن مہم کا مقصد اُن افراد کو دوسری خوراک دینے کا ہونا چاہئے جوپہلے لے چکے ہیں اور انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے اس متعلق جانکاری دی جائے۔ اُس کے بعد کورونا ویکسین جموں وکشمیر کے ہرشہری کو دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اقتصادی سرگرمیاں ٹھپ ہونے سے جموں وکشمیر کے لوگ تناؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے گذارش کی ہے کہ فوری پیشگی اقدامات اُٹھائے جائیں۔