یو این آئی
نئی دہلی//کپڑا وزرا کی قومی کانفرنس ملک کے ٹیکسٹائل ایکو سسٹم میں تبدیلی لا کر ملک کو کپڑا صنعت کا عالمی مرکز بنانے کی پالیسی پر تفصیلی غور و خوض کے بعد جمعہ کو اختتام پذیر ہو گئی۔اس کانفرنس میں ملک بھر کی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرا اور عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت پبیترا مارگریٹا نے کہا کہ کانفرنس میں ٹیکسٹائل کے شعبے کے مختلف پہلوں پر سنجیدگی سے غور و خوض کیا گیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے ہندوستان کو عالمی ٹیکسٹائل مرکز بنانے کے وژن کو پورا کرنے کے لیے ایک واضح روڈ میپ کی راہ ہموار ہوگی۔کانفرنس کے دوسرے دن، بات چیت کا محور بھارت کے ٹیکسٹائل کی برآمدات کو بڑھانا، مقابلہ جاتی صلاحیت اور برانڈنگ تھا۔ مرکز اور ریاستوں کے درمیان مکالمے میں مقابلہ جاتی صلاحیت، معاونت، توقعات اور 2030 تک ٹیکسٹائل برآمدات میں 100 ارب امریکی ڈالر حاصل کرنے کے وژن پر توجہ دی گئی۔ایک اور اہم سیشن میں روایتی ٹیکسٹائل، ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹس پر غورو خوض کیا گیا، جس میں ہندوستان کے مالا مال ٹیکسٹائل ورثے کے تحفظ کے ساتھ کاریگروں اور بنکروں کے لیے مارکیٹ تک رسائی، ویلیو ایڈیشن، برانڈنگ اور روزگار کے مواقع کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ شرکا نے آمدنی بڑھانے کے لیے اسکیموں کی ہم آہنگی، ڈیزائن میں جدت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی ضرورت پر زور دیا۔سینئر افسران اور وزرا نے مرکز اور ریاستوں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ریاستوں کو وزارتِ ٹیکسٹائل کی اہم اسکیموں، بشمول بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن اور پائیداری پر مبنی اقدامات سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی گئی۔