عظمیٰ نیوز سروس
نیویارک/جرمنی کے لیجنڈ اور سابق ٹینس اسٹار بورس بیکر کی 1989 کی یو ایس اوپن سنگلز ٹرافی نیلامی میں 3 لاکھ 57 ہزار 546 ڈالر میں فروخت ہو گئی، جو کسی بھی ٹینس ٹرافی کی اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے ۔ یہ ٹرافی ٹینس کی تاریخ میں ایک نایاب حیثیت رکھتی ہے کیونکہ اوپن دور کی یو ایس اوپن سنگلز ٹرافی شاذ و نادر ہی عوامی نیلامی میں پیش کی جاتی ہے ۔ ماہرین کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی واحد ٹرافی ہے جو نیلامی کے لئے دستیاب ہوئی۔یہ ٹینس یادگار اشیا میں فروخت ہونے والی دوسری مہنگی ترین چیز بھی ہے ۔
قبل ازیں،سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ کا 2012 کے آسٹریلین اوپن میں جیتنے والا ریکٹ 540000 ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ 1989 میں بورس بیکر نے ومبلڈن اور یو ایس اوپن دونوں بڑے اعزازات جیتے تھے اور مغربی جرمنی کو مسلسل دوسری بار ڈیوس کپ جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ اسی سال انہیں اے ٹی پی کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔رپورٹس کے مطابق گرینڈ سلیم ٹرافیاں عموماً عوامی سطح پر فروخت کے لئے دستیاب نہیں ہوتیں۔ بیکر نے یہ ٹرافی بعد میں انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم کے حوالے کی تھی، تاہم 2019 میں دیوالیہ پن کے مقدمے کے دوران یہ اثاثہ بھی ضبط کر لیا گیا۔بورس بیکر نے 2017 میں دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا تھا اور لندن کی عدالت نے انہیں مالی بے ضابطگیوں کے الزامات میں سزا سنائی تھی۔ انہیں ڈھائی سال قید کی سزا دی گئی، تاہم آٹھ ماہ بعد رہائی مل گئی۔2024 میں لندن کی عدالت نے انہیں دیوالیہ کیس سے فارغ قرار دے دیا، اگرچہ وہ اپنے قرض دہندگان کو مکمل ادائیگی نہ کر سکے ۔