عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
کیلیفورنیا// فیس بک کی بنیادی کمپنی میٹا نے ‘تھریڈز’ کے نام سے اپنا نیا پلیٹ فارم لانچ کر دیا ہے۔ یہ نئی ایپلی کیشن ٹوئٹر کی طرز پر ہی ڈیزائن کی گئی ہے اور اس کی براہ راست حریف بھی مانی جا رہی ہے۔کہا جا رہا ہے کہ اس سے دو ارب پتیوں، مارک زکربرگ اور ایلون مسک کے درمیان مقابلہ مزید بڑھ جائے گا۔ٹوئٹر ہی کی طرح ‘تھریڈز’ پر بھی صارف ٹیکسٹ یعنی تحریری پیغامات کے ساتھ ہی لنکس پوسٹ کر سکتے ہیں اور دوسروں کے پیغامات کا جواب دینے کے ساتھ ہی کسی بھی پوسٹ کو شیٔر بھی کیا جا سکتا ہے۔تھریڈز کے لانچ کے محض سات گھنٹوں کے اندر ایک کروڑ لوگوں نے سائن اپ کیا۔ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اس سے پہلے اپنی ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ’’تھریڈز کے لانچ کے پہلے دو گھنٹوں کے اندر دو ملین سے زیادہ لوگوں نے سائن اپ کر لیا ہے‘‘۔صارفین اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا استعمال کرتے ہوئے اس علاحدہ ایپ میں لاگ ان ہو سکتے ہیں اور پھر 500 کریکٹر ٹیکسٹ پوسٹ کر سکتے ہیں جس میں تصاویر اور ویڈیوز بھی اٹیچ ہو سکتی ہیں۔میٹا نے مائیکرو بلاگنگ طرز کی اپنی نئی ایپ ’تھریڈز‘ لانچ کی ہے جسے وسیع پیمانے پر ٹوئٹر سے مقابلہ کرنے کی کوشش سمجھا جا رہا ہے۔’تھریڈز‘ کو ایک انسٹاگرام ایپ کے طور پر برانڈ کیا گیا ہے اور اسے اسی پلیٹ فارم کی ٹیم نے بنایا ہے لیکن اس ایپ پر ٹوئٹر کی طرح ٹیکسٹ اپ ڈیٹس میسر ہوں گی۔ایپ اب آئی فونز کے ایپ سٹور اور اینڈرائیڈ کے لیے گوگل پلے سٹور پر لائیو ہے۔