مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //اے ٹی وی ایسوسی ایشن ٹنگمرگ نے مختلف سٹیک ہولڈروںکے ہمراہ پہلگام کے المناک حملے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پْر وقار شمع بردار جلوس کا انعقاد کیا۔اس موقع پر سینکڑوں افراد، جن میں اے ٹی وی ایسوسی ایشن ٹنگمرگ کے ارکان، مقامی تاجر، ٹرانسپورٹرز، سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شامل تھے، ٹنگمرگ میں جمع ہوئے اور ہاتھوں میں شمعیں لے کر معصوم جانوں کے ضیاع پر اپنے احترام اور یاد کا اظہار کیا۔ شرکاء نے خاموشی کے ساتھ قصبے میں مارچ کیا، شمعیں تھامے ہوئے متاثرین کی یاد میں تعظیم پیش کی۔
اس موقع پر مقررین نے اس بزدلانہ اور سفاکانہ حملے کی سخت مذمت کی اور امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ اقدامات عوام کے اتحاد کو کمزور نہیں کر سکتے اور دہشت گردی کے خلاف مل کر کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ایسوسی ایشن کے اراکین نے سیاحوں اور مقامی افراد کی سلامتی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ کشمیر ہمیشہ سے مہمان نوازی اور امن کی علامت رہا ہے۔ سومو یونین ٹنگمرگ نے بھی علیحدہ طور دوپہر کو ٹنگمرگ قصبے میں ایک پرامن جلوس نکال کر گزشتہ سال پہلگام میں جاں بحق شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا