یواین آئی
لندن/انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس ٹریننگ سیشن کے دوران گیند چہرے پر لگنے سے زخمی ہوگئے ، جس کے بعد سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی تصویر میں ان کے چہرے پر گہرے زخم اور سوجن واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے ۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پریکٹس کے دوران پیش آیا جب تیز رفتار گیند اسٹوکس کے چہرے پر آ لگی۔ تصویر میں ان کی دائیں آنکھ سوجی ہوئی نظر آ رہی ہے جبکہ چہرے پر کٹس بھی لگے ہوئے ہیں، ناک میں ٹشو کا ٹکڑا لگا ہواہے ۔بین اسٹوکس نے زخمی چہرے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مسکراتا ہوا ایموجی استعمال کیا اور مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ”آپ کو کرکٹ گیند کی حالت دیکھنی چاہیے ”۔ واقعے کے باوجود کپتان کے حوصلے بلند دکھائی دیے اور مداحوں کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات اور جلد صحتیابی کے پیغامات سوشل میڈیا پر شیئر کیے جا رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس ڈرہم میں قائم ایک انڈور ٹریننگ فسیلٹی میں زخمی ہوئے ، جہاں وہ نہ بیٹنگ کر رہے تھے اور نہ بولنگ، بلکہ ایک جانب کھڑے تھے ۔ اسی دوران گیند اچانک ان کے چہرے کی طرف آئی جسے وہ بروقت دیکھ نہ سکے ۔یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے دوران بھی انجری کا شکار ہوئے تھے اور اس وقت وہ اسی انجری سے بحالی کے مرحلے میں ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں انگلینڈ کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ سڈنی میں کھیلے گئے آخری میچ میں گروئن انجری کے باعث بین اسٹوکس بولنگ نہیں کر سکے تھے ۔