عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے کل ٹریفک منیجمنٹ سسٹم پر ملٹی ڈسپلنری کمیٹی ( ایم ڈی سی ) کی 5 ویں میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں اور سرینگر کے جڑواں شہروں میں ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے اور نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے مقصد سے ایک جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائیزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے پرنسپل سیکرٹری ہوم کی سربراہی میں کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی سفارشات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ان کے موثر نفاذ کیلئے یک وقتی ایکشن پلان پر زور دیا۔
چیف سیکرٹری نے دونوں شہروں میں بلیک دھبوں کی نشاندہی اور ان کی اصلاح ، بڑی سڑکوں کو چوڑا کرنے ، روٹریوں کی تخلیق اور جنکشن کی بہتری پر پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا۔انہوں نے ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( ایچ اینڈ یو ڈی ڈی ) کو ہدایت دی کہ وہ یہ معاملہ محکمہ خزانہ کے ساتھ اٹھائے تا کہ جموں و کشمیر میں ان پروجیکٹوں کی ہموار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹریفک کی نقل و حرکت کو ریگولیٹ کرنے اور آخری میل کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے کیلئے وقف ای رکشہ زونز کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ جموں میں چھ ای رکشا زون قائم کئے گئے ہیں جبکہ سرینگر شہر میں متعدد آپریشنل ، فری اور محدود زونز کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے کچھ پہلے سے نافذ ہیں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے زیر غور ہیں۔ٹریفک ریگولیشن کے اقدامات کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ دونوں شہروں میں کئی اہم مقامات پر یک طرفہ ٹریفک سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جبکہ پرہجوم کمرشل اور ہسپتال والے علاقوں میں اضافی نو وہیکل زونز کی تجاویز اسٹیک ہولڈرز اور مقامی حکام سے مشاورت کے بعد زیر عمل ہیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام زیر التوا کاموں کو تیز کیا جائے ، پراجیکٹ کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور جڑواں شہروں میں ٹریفک کی نقل و حرکت اور مسافروں کی سہولت میں واضح بہتری کو یقینی بنایا جائے۔