واشنگٹن//امریکی کانگریس ایوان بالا یعنی سینیٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذہ عمل کو غیر آئینی قرار دینے کے ریپبلکن رکن رینڈ پال کی کوشش کو مسترد کردیا ہے ۔رینڈ پال نے سینیٹ میں ٹرمپ کے مواخذے کے عمل کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ایک قرارداد پیش کی ، جسے55-45کے فرق سے سینیٹ نے ووٹ دیکر اسے مسترد کردیا۔ریپبلکن پارٹی کے سینیٹ کے رکن رینڈ پال نے کہا کہ ایوان میں ووٹنگ سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ سابق صدر کو مواخذے کے عمل سے مستثنیٰ کردیا جائے گا۔ قابل گور ہے کہ امریکہ کے کیپٹل ہل میں 6جنوری2021کو تشدد بھڑکانے کے الزام میں ٹرمپ کیخلاف مواخذہ کا عمل شروع کرنے کیلئے قرارداد لایا گیاہے ۔
یوٹیوب نے غیر معینہ مدت تک ڈونلڈ ٹرمپ کا چینل بند کردیا
نیویارک //دنیا کی سب سے بڑی اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یوٹیوب چینل کو غیر معینہ مدت تک بند کردیا۔ٰیوٹیوب نے ابتدائی طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کا یوٹیوب چینل رواں ماہ 13 جنوری کو معطل کیا تھا، اس وقت وہ امریکی صدر تھے۔یوٹیوب نے ڈونلڈ ٹرمپ کے چینل کو اس وقت بند کیا جب یوٹیوب پر تنقید کی گئی کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اشتعال دلانے والے مواد کے خلاف کارروائی میں سستی سے کام لے رہا ہے۔یوٹیوب سمیت دیگر سوشل ویب سائٹس پر عوام کی جانب سے اس وقت دباو بڑھا تھا جب ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے رواں ماہ 6 جنوری کو امریکی ایوان کے علاقے کیپیٹل ہل پر حملہ کردیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے امریکی ایوان، سینیٹ، سرکاری دفاتر اور سپریم کورٹ کے علاقے کیپیٹل ہل پر حملہ کرکے ایوان نمائندگان کی عمارت میں بھی توڑ پھوڑ کی تھی اور پرتشدد مظاہروں کے دوران 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل ہل پر اس وقت حملہ کیا تھا جب کہ ان کی صدارت کی مدت ختم ہونے میں محض 14 دن رہ گئے تھے۔