عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام// بڈگام پولیس نے ضلع بھر میں غیر مجاز ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک خدمات کے استعمال کے خلاف کارروائی کی ہے جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے ایسے VPNs کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے ممنوعہ احکامات جاری کیے ہیں۔پولیس نے کہا کہ احکامات کی تعمیل میں بڈگام ضلع میں منظم طریقے سے تصدیق اور نگرانی کی گئی۔ پابندی کے بعد سے، ممنوعہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر کل 24 افراد کی نشاندہی کی گئی۔تحقیقات اور تفصیلی تکنیکی تجزیہ کے مطابق، پولیس نے ملی ٹینسی سے متعلق منفی پس منظر رکھنے والے افراد کے خلاف دو ایف آئی آر درج کیں۔ حکام نے کہا کہ یہ کیسز انکرپٹڈ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے غلط استعمال سے وابستہ سنگین سیکورٹی خطرات کو اجاگر کرتے ہیں۔اس کے علاوہ ممنوعہ احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر 18 سے 40 سال کی عمر کے 11 افراد کے خلاف حفاظتی کارروائی شروع کی گئی۔ پولیس نے کہا کہ ان افراد کو بی این ایس ایس کی دفعہ 126 اور 170 کے تحت پابند سلاسل کیا گیا اور بعد میں انہیں مناسب وارننگ کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔