وہاب ریاض نے ٹیم سے باہر ہونے کی وجہ بتا دی

لیڈز//فاسٹ بولر وہاب ریاض نے ٹیم سے باہر ہونے کی وجہ بتا دی۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹر وہاب ریاض نے بتایا کہ ہم دبئی میں ہمیشہ اچھا کھیلتے ہیں، نیوزی لینڈ سیریز اچھی نہیں گئی جس کے باعث ٹیم سے باہر ہوا۔ انھوں نے کہا دی ہنڈرڈ سیریز کارکردگی بہتر کرنے کے لیے کھیل رہا ہوں، سلیکٹرز کی نظروں میں آنے کے لیے محنت کر رہا ہوں تاکہ ٹیم میں واپس لیا جائے۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا دی ہنڈرڈ سیریز میں خود کو ثابت کرنے کا موقع ملا، ورلڈ کپ اسکواڈ میں واپسی کے لیے پر امید ہوں۔ گفتگو میں کرکٹر وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں جتنے بھی کپتان آئے وہ سب اچھے تھے، بابر اعظم بہترین کھلاڑی بھی ہیں اور وہ بطور کپتان بہت سیکھ رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم اچھا کھیل رہی ہے، بابر اعظم کو تجربے کی ضرورت ہے جو اسے مل رہا ہے۔ وہاب ریاض نے ایشیا کپ اسکواڈ کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔