کولگام +اننت ناگ +پلوامہ // کولگام میں دیر رات گئے مشتبہ جنگجوئوں نے ایک غیر مقامی بہاری مزدور کو قتل کردیا۔ ادھرونپوہ کھنہ بل میں مشتبہ جنگجوئوں نے پولیس اہلکار پر اسکے گھر کے باہر حملہ کر کے اسے ہلاک کردیاجبکہ پلوامہ کے ایک مضافاتی گائوں میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ نہامہ کولگام میں رات دیر گئے قریب 8بجے مشتبہ جنگجو نمودار ہوئے اور انہوں نے35سالہ بہاری مزدورشنکر کمار چودھری ولد کھو کھا چودھری پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور کولگام ضلع اسپتال لیجاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری یہاں پہنچ گئی اور انہوں نے گائوں کو گھیرے میں لیکر جنگجوئوں کی تلاش شروع کی۔یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ غیر مقامی مزدور کی ہلاکت کی وجہ کیا بنی۔اسکی لاش کولگام ضلع اسپتال میںرکھی گئی ہے۔ادھر ونپوہ کھنہ بل میں پولیس اہلکار کی ہلاکت کا واقعہ شام 6بجے شمفورڈ سکول کے نزدیک پیش آیا۔ پولیس اہلکار کواسے نزدیک سے گولیاں ماری گئیں جس کے نتیجے میں وہ سڑک پر گر پڑا ۔ اگرچہ انہیں فوری طور پر اسپتا پہنچایا گیا لیکن تب تک وہ دم توڑ چکا تھا۔مقامی لوگوں کے مطابق 35سالہ بنٹو شرما ولد تریلوکی ناتھ شرما ساکن محلہ خرمن گنیش رینہ ونپوہ چھٹی پر گھر آیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ کولگام پولیس سے وابستہ تھا لیکن اسکے جیب سے جو شناختی کارڈ بر آمد ہوا ، وہ ریلوے پولیس کی جانب سے اجرا کیا گیا ہے جس میں اسے فالوور دکھایا گیا ہے۔واقعہ کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشیاں لی گئیں اور حملہ آور کو ڈھونڈ نکالنے کی کوشش کی گئی۔ادھر تلنگام پنگلنہ پلوامہ نامی گائوں میں مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد 55آر آر اور دیگر سیکورٹی فورسز نے جنگجو مخالف آپریشن کیا جس کے دوران تلاشی کارروائی میں 4پستول اور دیگر گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔ پولیس نے اس دوران کسی کو گرفتار نہیں کیا جبکہ اس ضمن میں کیس درج کرکے معاملے کی چھان بین شروع کردی گئی ہے ۔
عمر، محبوبہ اور سجاد کی مذمت
نیوز ڈیسک
سرینگر //ونپوہ میں پولیس اہلکار اور نہامہ کولگام میںغیر مقامی بہاری مزدور کے قتل کی سیاسی جماعتوں نے شدیدمذمت کی ہے۔ نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’ پولیس اہلکار اور بہاری مزدور کی ہلاکتوں کی واضح طور پر مذمت کرتا ہوں، کانسٹیبل بنٹو شرما کے اہل خانہ اور ساتھیوں سے میری دلی تعزیت ‘‘۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی ٹوئٹر پر پولیس اہلکار اور مزدور کے قتل کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا’’کولگام میں دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا جس نے معصوم جانیں لے لیں، بنٹو شرما کے خاندان کے ساتھ گہری تعزیت اور دعائیں،ان کی روح کو سکون ملے‘‘۔پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد لون نے بھی ان واقعات کی مذمت کی ہے۔ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا’’کولگام واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں، اللہ بنٹو شرما کے اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے، اور قاتل جہنم میں سڑ جائیں‘‘۔