سرنکوٹ//یوتھ نیشنل کانفرنس سرنکوٹ نے وقف املاک کے ساتھ چھیڑ خوانی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے پونچھ سے بی جے پی کے ممبر قانون ساز کونسل پردیپ شرما کے بیان کے خلاف احتجاج کیا ۔ انہوںنے ایم ایل سی کے وقف املاک سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اگر95فیصد مسلم آبادی کو ہندو مسلم کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوںگے ۔انہوںنے کہاکہ پونچھ کے لوگوںنے ہمیشہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو اول ترجیح دی لیکن کچھ لوگ اس کو زک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں اور لوگوں کے جذبات سے کھلواڑ کرناچاہتے ہیں ۔تاہم انہوںنے کہاکہ بی جے پی کے ایجنڈا کو کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گااور بھاجپا لیڈران کو اپنی زبانوں کولگام دیناہوگی۔صوبائی یوتھ جوائنٹ سیکریٹری طاہر مرزا نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل سی پونچھ اور ان کے چچا نے کہاہے کہ پونچھ میں سب سے بڑے دہشت گرد جو وہ ہیں جنہوں نے سرکاری زمینوں کو اوقاف کے کھاتے میں ڈال دیا ہے، اگر دس دن کے اندر اندر اس زمین کا حل نہیں نکلاتو پونچھ کی ہر سرکاری عمارت کو آگ لگا دی جائے گی اور ہر عمارت میں مندر بنا یا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ پردیپ شرما نے بھی ایسا ہی بیان قانون ساز کونسل میں بھی دیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ مندر بنانے کے خلاف نہیں لیکن اوقاف کی اراضی سے چھیڑ چھاڑ کسی بھی صورت میںبرداشت نہیں کی جاسکتی ۔انہوںنے کہاکہ وہ نہیں چاہتے کہ راجوری پونچھ میں ہندومسلم بھائی چارے کو زک پہنچے لیکن اگر وقف املاک کو ہاتھ بھی لگایاگیاتو اس کے خطرناک نتائج ثابت ہوںگے ۔احتجا ج میں یوتھ صدر بلاک بفلیاز شیراز ملک ، بلاک صد ر سرنکوٹ مختار زرگر ، ایڈووکیٹ نقی علی رضوی ، کامران ملک ، آفتاب مرزا، سٹوڈنٹ یونین صدر مجتبیٰ خان ودیگران بھی شامل تھے ۔