عظمیٰ نیوز سروس
جموں/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سوموار کی شام جموں و کشمیر کی رانجی ٹرافی چیمپئن ٹیم کے اعزاز میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیا اور ان کی شاندار کامیابی کا جشن منایا۔ٹیم کا وزیر اعلیٰ نے اپنے کابینہ ساتھیوں اور سینئر افسران کی موجودگی میں پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں 2کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی پیش کی گئی۔بی سی سی آئی کے صدر میتھون منسہاس بھی اس تقریب میں موجود تھے۔کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ان کی محنت اور ثابت قدمی کو سراہا اور کہا کہ ان کی اس کامیابی نے جموں و کشمیر کو بے حد فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے لئے مستقبل میں مزید کامیابیوں کی دعا کی اور انہیں قومی سطح پر خطے کا نام روشن کرتے رہنے کی تلقین کی۔اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری، وزراء سکینہ ایتو، جاوید احمد رانا، جاوید ڈار، ستیش شرما ، چیف سکریٹری اتل ڈلو، کمشنر سکریٹری یوتھ سروس اینڈ سپورٹس شاہد اقبال چودھری، ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ، جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے منتظمین و اراکین، سیکریٹری اسپورٹس کونسل اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔