عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی ایچ ڈی سی سی آئی)کشمیر چیپٹر نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کو قبل از بجٹ سفارشات پیش کیں، جن کا مقصد خطے میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینا اور مقامی صنعت و تجارت کو مستحکم بنانا ہے۔اس موقع پر پی ایچ ڈی سی سی آئی کے وفد کی قیادت کو چیئر ہمایوں وانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر اقبال فیاض جان نے کی۔
وفد نے حکومت کو ایک جامع روڈ میپ پیش کیا جس میں کاروباری اداروں کو ریلیف، ضابطہ جاتی نظام میں آسانی اور سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایم ایس ایم ای شعبوں میں سرمایہ کاری کی تجاویز شامل ہیں۔سفارشات میں 2019 کے بعد متاثرہ صنعت کاروں کے لیے کریڈٹ اسکور میں رعایت، چینج آف لینڈ یوز کے عمل کو آسان بنانے، جموں و کشمیر نیو سنٹرل سیکٹر اسکیم کی مدت میں توسیع، صنعتی پالیسی 202130 کیلئے مناسب بجٹ کی فراہمی اور سرکاری محکموں کی جانب سے مقامی ایم ایس ایم ایز سے کم از کم 30 فیصد خریداری کو یقینی بنانے کی تجویز شامل ہے۔وفد نے آئی ٹی شعبے کے لیے پلگ اینڈ پلے ٹیک سینٹر کے قیام، ہوم اسٹے اور سیاحتی سرگرمیوں کے لیے سبسڈی، مقامی صنعت کاروں اور دستکاروں کے لیے نمائش و مارکیٹنگ سہولیات، نجی بورڈنگ اسکولوں میں سرمایہ کاری اور میڈیسٹی میں سروس سیکٹر کے لیے زمین مختص کرنے پر بھی زور دیا۔پی ایچ ڈی سی سی آئی کشمیر کے کو چیئر ہمایوں وانی نے کہا کہ ان تجاویز پر عمل درآمد سے جموں و کشمیر میں کاروباری ماحول بہتر ہوگا، مقامی صنعت کاری کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔