چنئی // وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز چنئی میٹرو ریل فیز 1 کے توسیعی منصوبے سمیت کئی پروگراموں اور منصوبوں کا افتتاح کیا اور دیسی ساختہ ڈیزائن اور تیار ارجن جنگی ٹینک (ایم کے 1 اے) ہندوستانی فوج کے سپرد کیا ۔ مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تامل ناڈو سرکار کی جانب سے جواہر لال نہرو انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہ تقریب میں ان منصوبوں کا آغاز کیا۔ مودی نے چنئی اور کوچی روانہ ہونے سے قبل انگریزی ، ملیالم اور تمل زبان میں کئے گئے ٹویٹ میں کہا ’’ خود انحصار ہندوستان کے تصور کو فروغ دینے کیلئے کئی ترقیاتی کام شروع کیے جائیں گے۔ یہ منصوبے ہمارے شہریوں کے لئے ’ ایز آف لیونگ ‘ کو فروغ دیں گے ‘‘۔ مودی نے آنجہانی وزرائے اعلی ایم جی آر اور جے جے للتا کی سٹیج پر رکھی تصاویر پر گلہائے عقیدت پیش کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس کے بعد انہوں نے چنئی میٹرو ریل فیز 1 کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا جسے 3770 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔