یواین آئی
نئی دہلی// دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن کوثر جہاں کی تحریک پر وزیر اعظم نریندر مودی کے قوم کے نام خطاب ‘من کی بات’ کے نشریاتی سلسلے کی 107ویں کڑی کی ایک عوامی نمائش کا جامعہ ہمدرد کے کنونشن سینٹر میں انعقادکیا گیا ۔ آج کی اس نمائشی تقریب کااہتمام جامعہ ہمدرد کے چانسلر حماد احمد کی سرپرستی میں کیا گیا۔آج نشر ہونے والے ‘من کی بات’ کے اس نمائشی پروگرام میں سماج کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کے قابل ذکر شرکا میں ہمدرد یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ابشار عالم،رجسٹراراور مختلف شعبو ں کے اساتذہ و پروفیسران، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی اور دوسرے افسران و کارکنان کے علاوہ بڑی تعداد میں جامعہ ہمدرد کے طلباء و طالبات نے بھی شریک ہوکر ویزر اعظم کے من کی بات توجہ کے ساتھ سنی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج قوم کے نام اپنے خطاب میں سب سے پہلے آج ہی کے دن26/نومبر کو ہر سال منائے جانے والے یوم آئین پر ہندوستانی قوم کو مبارکباد پیش کی اور اس موقع پر مجلس قانون ساز کے معزز ممبران کو بھی یاد کیا۔وزیر اعظم نے آج ہی کے دن ممبئی پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے ملک کوان مشکل حالات سے جلد باہر آنے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کے شہیدوں کو اپنا خراج عقیدت بھی پیش کیا۔اس کے علاوہ وزیر اعظم نے ہندوستانی تہذیب و ثقافت کے فروغ، ملک میں تیار مصنوعات اور اس سے متعلق اپنے پسندیدہ نعرہ ’’ووکل فار لوکل‘‘ اور ملک کے سامنے درپیش آبی مسائل سے نپٹنے کے لیے آبی وسائل کے تحفظ اور اس سلسلے میں حکومت کے ذریعے ملک کے مختلف مقامات پر بنائے گئے امرت سروور کی دیکھ بھال اور تحفظ پر بھی اہل وطن کی توجہ مبذول کرائی۔