نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ امریکہ کو ہندوستان اور امریکہ کے درمیان مجموعی عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے ، ہندوستان کے اسٹریٹجک شراکت دار جاپان اور آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور اہم عالمی مسائل پر تعاون اور ہم آہنگی کو بڑھانے کے لیے مواقع قرار دیا ہے ۔مسٹر مودی نے امریکہ جانے سے پہلے اپنے بیان میں اس امید کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکی صدر جوزف آر بائیڈن کی دعوت پر 22 سے 25 ستمبر تک امریکہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ صدر بائیڈن کے ساتھ ہندوستان-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لیں گے اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔
ٹروڈو کو مبارکباد دی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کل کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کو پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔مسٹر مودی نے ٹوئٹر پر اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا‘‘ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو آپ کو انتخابی جیت پر مبارکباد۔ میں ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی وکثیر الجہتی مسائل پر مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہوں’’۔